سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ میں افسوسناک واقعات کا سلسلہ جاری ہے، تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقے شیرپور میں چار سالہ بچے کی لاش کار سے برآمد ہوئی جبکہ تھانہ ہیڈمرالہ کے علاقے گوندل میں درزی کو قتل کرنے والے ملزم کو عدالت نے سزائے موت سنا دی۔

شیرپور میں چار سالہ بچہ گزشتہ روز کھیلتے ہوئے لاپتہ ہو گیا تھا، جس کی لاش آج ایک کار سے برآمد ہوئی۔ پولیس نے نعش قبضے میں لے کر ہسپتال منتقل کر دی ہے۔ کمسن بچے کی موت پر علاقے میں کہرام مچ گیا ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی جدید ٹیکنالوجی کے باوجود بچہ بازیاب نہ ہو سکا اور ایک اور معصوم زندگی کا چراغ گل ہو گیا۔

دوسری جانب تھانہ ہیڈمرالہ کے علاقے گوندل میں تیرہ جولائی 2024 کو درزی اعجاز کو لڑائی چھڑوانے کی پاداش میں چھریاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ ملزم ساجد محمود عرف بلا کو ہومی سائیڈ یونٹ کے انسپکٹر شبیر گل نے گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کیا اور شواہد جمع کیے۔ ایڈیشنل سیشن جج شہزادی نجف نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد جرم ثابت ہونے پر ملزم کو سزائے موت اور سات لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

دونوں واقعات نے ضلع بھر میں خوف، افسوس اور غم کی فضا قائم کر دی ہے، جبکہ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بچوں کے تحفظ کے لیے پولیس کو جدید اقدامات کرنے ہوں گے اور مجرموں کو سخت ترین سزائیں دے کر انصاف کا نظام مضبوط بنانا ہو گا۔

Shares: