سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) تھانہ موترہ کے علاقہ کوٹلی مرلاں میں قتل کی لرزہ خیز واردات میں مقتولہ 30 سالہ زہرا کے جسم کے باقی اعضا بھی برآمد ہو گئے ہیں۔ ترجمان پولیس سب انسپکٹر وقاص نے بتایا کہ گزشتہ روز مقتولہ کا دھڑ برآمد ہوا تھا، جبکہ آج اس کی کٹی ہوئی گردن، ہاتھ اور پیر بھی نالے سے برآمد کر لیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ڈسکہ کے تھانہ موترہ کے قریب ایک نالے سے بوری میں بند کٹی ہوئی لاش ملی تھی۔ اطلاعات کے مطابق مقتولہ زہرا کو مبینہ طور پر اس کی ساس اور نند نے گھریلو تنازعے پر قتل کر کے لاش کے ٹکڑے کر دیے اور انہیں دو بوروں میں ڈال کر نالے میں پھینک دیا۔
یہ بھی پڑھیں
ڈسکہ: نالے سے بوری بند کٹی لاش برآمد، گھریلو تنازع پر بہو کا قتل
پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ زہرا کا تعلق کوٹ منڈ، گوجرانوالہ سے تھا اور وہ 9 ماہ کی حاملہ بھی تھی۔ اس کا شوہر قدیر بیرون ملک مقیم ہے۔ لاش کو ریسکیو 1122 نے نکال کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔