سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر مدثر رتو) صوبائی اسکاؤٹ کمشنر ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال سے صدر ڈسٹرکٹ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے عہدے کا حلف لیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح بانی اسکاؤٹس تھے اور اسکاؤٹنگ کا مقصد نظم و ضبط اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تربیت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 64 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جن کی صلاحیتوں کو اسکاؤٹنگ اور ہم نصابی سرگرمیوں کے ذریعے بہتر طریقے سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی اسکاؤٹس کے سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور اسکاؤٹس حکومت پنجاب کے فلاحی منصوبوں کے اہداف کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اس تقریب میں صوبائی سیکرٹری پنجاب اسکاؤٹس ایسوسی ایشن محمد طارق قریشی اور سی سی او ایجوکیشن جاوید اقبال بابر بھی شریک تھے۔