سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت بزنس فیسلیٹیشن سینٹر (مرکزِ سہولتِ کاروبار) کی مارچ تا مئی 2025 کی سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس میں 33 محکموں کے نمائندوں سمیت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید ایوب بخاری، سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عمر خالد اور بی ایف سی منیجر طلحہ سلہریا نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزنس فیسلیٹیشن سینٹر پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور محکمہ صنعت، تجارت و سرمایہ کاری کے تعاون سے ایک "ون ونڈو” سہولت کے طور پر کاروباری افراد، صنعتکاروں اور عام شہریوں کو خدمات فراہم کر رہا ہے، جس کا مقصد کاروباری ماحول کو سہل اور مؤثر بنانا ہے۔ یہ مرکز 11 جنوری 2024 سے فعال ہے اور ضلعی سطح پر سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
اجلاس میں پیش کردہ رپورٹ کے مطابق، مرکز نے سہ ماہی کے دوران 5,158 درخواستوں—جن میں رجسٹریشنز، لائسنسز، سرٹیفکیٹس اور پرمٹس شامل ہیں—پر کارروائی کی، جن میں سے 99 فیصد مکمل ہو چکی ہیں، جبکہ صرف 34 درخواستیں تاحال زیر التوا ہیں۔ مزید یہ کہ مرکز سے 7,516 شہریوں نے براہ راست خدمات حاصل کیں اور 2,055 مشاورتی نشستیں منعقد کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے زور دیا کہ آسان کاروبار کی فراہمی اور صنعتی ترقی کے لیے مرکزِ سہولتِ کاروبار کی فعالیت ضلعی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ اُنہوں نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے ساتھ قریبی مشاورت سے سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس کے اختتام پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محکموں اور افسران میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں تاکہ عوامی خدمت، سرمایہ کاری کے فروغ اور شفاف سروس فراہمی کے جذبے کو سراہا جا سکے۔