سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض)سفید پوش طبقہ کیلئے گوشت خریدنا خواب بن گیا
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں گوشت کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے سفید پوش طبقے کے لیے گوشت خریدنا خواب بنا دیا ہے۔ شہر سمیت چاروں تحصیلوں اور مضافات میں چکن، چھوٹے اور بڑے گوشت کی من مانی قیمتوں پر فروخت جاری ہے، جس سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے دعوے محض کاغذی ثابت ہو رہے ہیں۔ شہری شکایت کرتے ہیں کہ چکن، چھوٹے اور بڑے گوشت سمیت دیگر اشیائے خوردونوش سرکاری نرخوں کے بجائے زیادہ قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہیں، جس پر وہ سراپا احتجاج ہیں۔
پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی غیر فعالیت کے باعث مصنوعی مہنگائی نے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ چکن فروش سرکاری ریٹ لسٹ میں دی گئی قیمتوں کو نظر انداز کرتے ہوئے چکن گوشت 593 روپے کے بجائے 700 روپے فی کلو گرام، برائلر مرغی زندہ 409 روپے کے بجائے 500 روپے فی کلو گرام فروخت کر رہے ہیں۔ اسی طرح چھوٹا گوشت 1800 روپے کے بجائے 2200 روپے فی کلو اور بڑا گوشت 1000 سے 1200 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
انڈوں کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں تھوک ریٹ 323 روپے اور پرچون میں 327 روپے فی درجن وصول کیے جا رہے ہیں۔ ان غیر قانونی قیمتوں پر شہریوں کی شکایات کے باوجود حکام کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے مہنگائی کی لہر نے ان کے لیے زندگی مزید مشکل بنا دی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کیا جائے اور منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔








