سیالکوٹ، بہاولپور (بیوروچیف شاہدریاض+نامہ نگارحبیب خان ) بچوں کی ہلاکت کے دلخراش واقعات سامنے آئے ہیں جنہوں نے والدین اور عوام کو شدید دکھ اور غم میں مبتلا کر دیا ہے۔

سیالکوٹ میں سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے دو کمسن بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ محلہ حیات پورہ، بلو مہر والی گلی میں پیش آیا، جہاں ایک ہی گھر کے 9 سالہ محمد حسین اور 10 سالہ محمد حنان ایمن آباد روڈ فروٹ منڈی کے قریب واقع ایک سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اطلاع ملنے پر تھانہ صدر کے ایس ایچ او میاں رزاق فوری موقع پر پہنچے اور انکوائری شروع کی، جبکہ سوئمنگ پول کا مالک موقع سے فرار ہو گیا۔

ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ بچوں کے والدین اور علاقہ مکینوں نے ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد سے مطالبہ کیا ہے کہ غیرقانونی سوئمنگ پولز کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ بچوں کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔

دوسری جانب بہاولپور کی تحصیل اوچ شریف کے علاقے خانقاہ شریف میں 6 سالہ معصوم بچہ محمد عمر کھیلتے ہوئے پیڈسٹل فین سے کرنٹ لگنے کے باعث جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق، واقعہ کے وقت بچہ گھر میں کھیل رہا تھا جب وہ پنکھے کی زد میں آ گیا۔ ریسکیو ٹیم ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن شکیل حسن کی قیادت میں موقع پر پہنچی، تاہم بچہ موقع پر ہی دم توڑ چکا تھا۔ غمزدہ اہل خانہ نے لاش کو اسپتال منتقل کرنے سے انکار کر دیا۔

ان دل دہلا دینے والے واقعات نے متعلقہ حکام کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے ہیں، اور شہریوں کا مطالبہ ہے کہ بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔

Shares: