سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ میں یومِ مزدور کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام مزدوروں، خصوصاً شکاگو کے ان جانثاروں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے حقوق کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
گورنر پنجاب نے اپنے خطاب میں پیپلز پارٹی کی مزدور دوست پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1972 میں پاکستان کی پہلی مزدور پالیسی متعارف کروا کر محنت کشوں کے حقوق کو آئینی تحفظ فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ محنت کش طبقے کے ساتھ کھڑے ہو کر ان کے مسائل کے حل کی کوشش کی اور آئندہ بھی یہ سفر جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ گورنر ہاؤس محنت کشوں کے مسائل اور مطالبات کے حل کے لیے ایک فعال کردار ادا کرے گا تاکہ مزدوروں کو ان کا جائز حق مل سکے۔
خطاب کے دوران گورنر پنجاب نے بھارت کے منفی کردار کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت خطے میں دہشتگردی کا سرغنہ بن چکا ہے، جو پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے "را” جیسے اداروں کے ذریعے کارروائیاں کر رہا ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات کو بھارتی مداخلت کا شاخسانہ قرار دیا اور کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں سات لاکھ فوج کی موجودگی کے باوجود دہشتگردی کے ڈرامے اس کے خودساختہ بیانیے کا حصہ ہیں۔
گورنر سلیم حیدر خان نے واضح کیا کہ پاکستان ایک مضبوط ایٹمی طاقت ہے اور اگر بھارت نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اس کا انجام بھارت کی مرضی سے نہیں بلکہ پاکستان کے فیصلے کے مطابق ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر وکلاء اور شرکاء نے گورنر پنجاب کے خطاب کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور اسے جرات مندانہ اور حقیقت پسندانہ قرار دیا۔








