سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت میٹرک کے سالانہ امتحانات 2025ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد ضلع سیالکوٹ کے سرکاری اسکولوں سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلبہ کی تعلیمی محنت کو سراہنا اور ان کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا تھا۔

تقریب میں پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کے ساتھ ان کے والدین، اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے افسران نے بھرپور شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں شیلڈز تقسیم کیں اور ان کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بچے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے ضلع کا فخر ہیں۔ ان کی کامیابی اساتذہ کی محنت اور والدین کی دعاؤں کا بھی نتیجہ ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ آئندہ بھی تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور اسی جذبے، لگن اور دیانت داری سے آگے بڑھتے رہیں۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی یہ کامیابیاں ایک بہتر اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سیالکوٹ کے مطابق اس سال متعدد سرکاری اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے میٹرک کے امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کیں:

گورنمنٹ گرلز ہائی سکول پسرور کی رمین احسن نے 1177 نمبر حاصل کیے۔گورنمنٹ اسلامیہ گرلز ہائی سکول ڈسکہ کی آمنہ عمران نے 1171 اور ماہ نور نے 1165 نمبر حاصل کیے۔گورنمنٹ ہائی سکول ڈسکہ کے مصطفیٰ عبدالاحد نے 1171 اور محمد سامران نے 1161 نمبر حاصل کیے۔گورنمنٹ ہائی سکول جوڑیاں کلاں کے ربان علی نے 1162 نمبر حاصل کرکے نمایاں کارکردگی دکھائی۔

تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے اس کامیابی پر تمام والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ تعلیم کے فروغ اور باصلاحیت نوجوانوں کے لیے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی جاری رکھے گی تاکہ آنے والی نسلیں ایک روشن اور کامیاب پاکستان کی بنیاد رکھ سکیں۔

Shares: