سیالکوٹ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد طلحہ)چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی و رکن پنجاب اسمبلی طارق سبحانی نے ای خدمت سینٹر سیالکوٹ کا دورہ کیا۔
30 ستمبر 2025 کو کیے گئے اس دورے کے دوران طارق سبحانی نے شہری سہولیات کی فراہمی کے اس جدید اور مؤثر نظام کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) فیصل یوسف کی بصیرت افروز قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کے لیے ایک فعال اور شفاف پلیٹ فارم کی فراہمی قابلِ تعریف ہے۔
طارق سبحانی نے سنٹر میں موجود شہریوں سے ملاقات کی، ان کے تاثرات سنے اور عملے کے پیشہ ورانہ رویے، خوش اخلاقی اور بہترین خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ای خدمت سینٹرز شفافیت، مؤثریت اور عوامی خدمت کی روشن مثال ہیں، جو حکومت پنجاب کی عوام دوست پالیسیوں کا عملی مظہر ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ اس ماڈل کو صوبے بھر میں مزید وسعت دی جائے تاکہ عوام کا اعتماد بڑھ سکے اور سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری آئے۔ دورے کے اختتام پر طارق سبحانی نے سیالکوٹ ای خدمت سینٹر پر فراہم کی جانے والی سہولیات پر چیئرمین PITB فیصل یوسف اور ان کی ٹیم کو نیک تمناؤں کے ساتھ خراجِ تحسین پیش کیا اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام جاری رکھنے کی تلقین کی۔