سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیورو چیف شاہد ریاض)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب چوہدری ارشد جاوید وڑائچ نے کہا ہے کہ اسلام ہمیں اتحاد، اتفاق اور ایثار کا درس دیتا ہے۔ یہ دین محبت، رواداری اور بھائی چارے کی تلقین کرتا ہے۔ عید الفطر اسی اتحاد اور خوشی کا پیغام لاتی ہے جو تمام اختلافات کو بھلا کر ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے یہ خیالات عید الفطر کے موقع پر محمد ارسلان خان کی قیادت میں معززین حاجی محمد رمضان گھمن، حاجی جاوید گھمن، سید شہباز شاہ، مون جعفری، اور ظفر گھمن کے ہمراہ یونین کونسل گھوئنیکی میں عید ملن کے دوران ظاہر کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے گزشتہ چند سالوں سے پاکستانی سیاست میں عدم برداشت، ذاتی عناد اور قومی مسائل پر تقسیم در تقسیم کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ سیاسی اختلافات کو دشمنی میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جس کا براہِ راست نقصان عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ اس کی وجہ سے ملکی معاشی ترقی اور سماجی اقدار شدید متاثر ہوئی ہیں۔
اس موقع پر محمد ارسلان خان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میاں محمد نواز شریف اور ان کے ساتھیوں نے ہمیشہ تہذیب و اخلاقیات کا درس دیا اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گھوئنیکی یونین کونسل میں عرصہ دراز سے جاری عوامی محرومیوں کو ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔