سیالکوٹ، باغی ٹی وی (نامہ نگار مہر مصطفیٰ) مسیحی رہنما بشپ آر ایم سیلاس گل، بانی و چیئرمین سمرنا چرچ آف پاکستان نے کہا ہے کہ "ہم ایک کروڑ پاکستانی مسیحی پاک آرمی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں”۔ انہوں نے سیالکوٹ میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسیحیوں نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور بقا کے لیے جانی و مالی قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی پاکستان کی سالمیت کے لیے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افواج پاکستان سرحدوں کی حفاظت پر دن رات تعینات ہیں اور پاکستانی مسیحی ان کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ مسیحی پاکستان کی ترقی اور سلامتی کے لیے ہمیشہ سرگرم رہے ہیں، اور 1965ء اور 1971ء کی جنگوں میں بھی ان کا کردار اہم تھا۔
بشپ آر ایم سیلاس گل نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کے خلاف پاکستانی مسیحی اپنے عزم بلند رکھیں گے تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن رہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کی ترقی کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر افواج پاکستان ان تمام سازشوں کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، اور ہم پاکستانی مسیحی افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔