سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض) سٹی ٹریفک پولیس کی 2024 کی کارکردگی کی رپورٹ جاری
تفصیل کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس سیالکوٹ نے سال 2024 کے دوران اپنی کارکردگی کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، قانون نافذ کرنے اور عوامی سہولت کے اقدامات کی تفصیلات شامل ہیں۔
قانونی کارروائیاں اور جرمانے
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 251,378 (دو لاکھ اکیاون ہزار تین سو اٹھہتر) گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 17 کروڑ 99 لاکھ 41 ہزار 100 روپے جرمانے کیے گئے۔ حادثات کی شرح کم کرنے کے لیے غفلت اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے پر 53,003 گاڑیاں بند کی گئیں، جب کہ 500 ڈرائیورز کو گرفتار کیا گیا۔ مزید برآں، 91 ڈرائیوروں کے لائسنس اور 39 گاڑیوں کے روٹ پرمٹ معطل کیے گئے۔
رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں
ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے رانگ پارکنگ کے خلاف 18,093 (اٹھارہ ہزار ترانوے) گاڑیاں لفٹ کی گئیں۔ اسپیشل اینٹی انکروچمنٹ اسکواڈ نے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے دکانداروں کے خلاف 350 ایف آئی آرز درج کیں۔
عوامی سہولت کے اقدامات
سیالکوٹ کی عوام کی سہولت کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے، جن میں تحصیل لیول پر ڈرائیونگ ٹیسٹ کی سہولت، بزنس کمیونٹی کے لیے بی ایف سی سینٹر میں ڈرائیونگ ٹیسٹ کا قیام، اور موبائل وینز کے ذریعے ڈور سٹیپ پر خدمات شامل ہیں۔ قصبہ لیول پر بھی ڈرائیونگ لائسنس کے لیے کیمپ لگائے گئے۔ سال 2024 کے دوران کل 70,297 (ستر ہزار دو سو ستانوے) ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔
ڈی ایس پی ٹریفک کا عزم
ڈی ایس پی ٹریفک نے عوامی سہولت کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کی عوام کو ٹریفک کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔
یہ اقدامات نہ صرف ٹریفک قوانین کی عملداری کو یقینی بناتے ہیں بلکہ عوام کے لیے آسان اور مؤثر خدمات فراہم کرنے کی سمت میں ایک اہم پیشرفت کی نمائندگی کرتے ہیں۔