سیالکوٹ:وزیر بلدیات نے ڈسکہ ہسپتال میں جدید ڈائیلسز یونٹ کا افتتاح کیا

سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہدریاض) صوبائی وزیر بلدیات، میاں ذیشان رفیق نے ڈسکہ کے سول ہسپتال میں 6 جدید ڈائیلسز مشینوں کا افتتاح کیا ہے جس سے ہسپتال میں ڈائیلسز کی سہولیات میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور رکن صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے کے ہر کونے میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ موبائل ہسپتال اور کلینک آن ویل جیسے منصوبے اس کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام بنیادی اور دیہی صحت مراکز کو جدید ترین سہولیات سے لیس کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو اپنے گھر کے قریب ہی بہترین طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

ڈسکہ کے سول ہسپتال میں موجود ٹراما سنٹر کو بھی دیگر طبی شعبہ جات کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے ہسپتال کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو گا۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ ان نئی مشینوں کے ذریعے روزانہ 24 افراد کو ڈائیلسز کی سہولیات فراہم کی جا سکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سال کے آخر تک ہسپتال میں ڈائیلسز مشینوں کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ ڈسکہ کے عوام کو علاج کے لیے شہر سے باہر جانے کی ضرورت نہ پڑے۔

Leave a reply