سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ستھرا پنجاب مہم، عید کے تیسرے روز بھی 6 ہزار ٹن آلائشوں کی صفائی مکمل

تفصیل کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے "ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت صفائی کا خصوصی عمل عید کے تیسرے روز بھی پوری شدت سے جاری رہا۔ ضلع سیالکوٹ، سمبڑیال اور ڈسکہ میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت اٹھا کر ڈمپنگ پوائنٹس تک منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ شہر کی گلیوں اور سڑکوں پر پانی اور عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ کر کے ماحول کو صاف اور خوشبودار بنایا جا رہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق چار ہزار سے زائد ورکرز اور 1100 سے زائد گاڑیاں صفائی کے اس عمل میں مصروف ہیں، جنہوں نے اب تک چھ ہزار ٹن سے زائد آلائشیں محفوظ مقامات پر منتقل کر دی ہیں۔ شہر بھر میں قائم کیمپوں پر چونے کے استعمال سے راستے مزین کیے گئے ہیں جبکہ ورکرز نے عید کے تینوں دن انتہائی ذمہ داری سے اپنے فرائض انجام دیے۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور حکومت پنجاب کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سال آلائشوں کی بروقت صفائی اور تعفن سے بچاؤ کے انتظامات قابلِ تحسین ہیں اور شہری صاف ستھرا ماحول میں عید منانے پر مطمئن نظر آئے۔

Shares: