سیالکوٹ (باغی ٹی وی ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سیالکوٹ سمبڑیال ایئرپورٹ چوک پہنچیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صباء اصغر علی نے وزیراعلیٰ کو سیلاب اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ڈپٹی کمشنر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی تک ان کے لیے کھانے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کے لیے مزید ڈی واٹرنگ پمپس لگانے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ مشکل کے وقت عوام کے درمیان موجود رہیں اور نکاسیِ آب کے پائیدار اقدامات کے لیے تجاویز دیں۔ انہوں نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ جلد از جلد پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ حالیہ بارشوں کے دوران تقریباً 20 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جب کہ انتظامیہ کی کاوشوں سے سیلاب میں پھنسے 6 ہزار 860 افراد کو بروقت ریسکیو کیا گیا۔ سیلابی ریلوں سے سیالکوٹ کے 300 سے زائد دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ ضلع بھر میں 38 ریلیف کیمپ اور 18 فوڈ کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔