سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض) کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد طارق قریشی اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین کے ہمراہ وزیر آباد اور سمبڑیال کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کیے گئے اس دورے کے دوران کمشنر نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
کمشنر نے زیر تعمیر شیر شاہ سوری پارک، منی پارک، قائد اعظم ڈویژنل پبلک سکول کیمپس سمیت سڑکوں کی بحالی کے منصوبوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وزیر آباد رب نواز چدھڑ اور اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال احسن ممتاز نے کمشنر کو جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ضلع سیالکوٹ کی 119 دیہی یونین کونسلوں میں صفائی کے معیاری انتظامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 1190 سینٹری ورکرز کی بھرتی کی گئی ہے اور 357 لوڈر رکشے فراہم کیے گئے ہیں، جو گھر گھر جا کر کچرا اکٹھا کریں گے۔ اب تک 15 یونین کونسلوں میں صفائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
کمشنر نے بعد ازاں سمبڑیال میں یونیورسٹی آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی کے زیر تعمیر کیمپس کا بھی معائنہ کیا۔ یہ میگا پراجیکٹ 17 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا، جس میں عمارت کی تعمیر پر 5 ارب روپے خرچ ہوں گے اور کام کی تکمیل 46 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
اولڈ جی ٹی روڈ پر 12 کنال رقبے پر واقع ڈمپنگ سائٹ کو ختم کر کے وہاں شیر شاہ سوری پارک بنایا جا رہا ہے، جہاں مٹی کی بھرائی مکمل ہو چکی ہے اور اب گھاس اور پودے لگانے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ پارک میں بچوں کے لیے جھولے، بنچز اور واک کے لیے ٹریک بھی بنایا جا رہا ہے۔
کمشنر نے وزیر آباد سیالکوٹ روڈ کا معائنہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب کے سڑکوں کی بحالی کے پروگرام کے تحت اس میگا پراجیکٹ پر کام اسی ماہ شروع ہو جائے گا۔