سیالکوٹ: ریڈیو ایف ایم 101 کی منتقلی پر تشویش، انٹرنیشنل کانفرنس میں مطالبہ

سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) ممتاز مذہبی و سماجی رہنما صوفی رانا بیدار حسین منج نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کی جغرافیائی اہمیت کے پیش نظر یہاں قائم ریڈیو پاکستان کے ایف ایم 101 اسٹیشن پر طاقتور ٹرانسمیٹر نصب کرنے اور میڈیم ویو نشریات شروع کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

وہ سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب کے زیر اہتمام ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تیسری سالانہ انٹرنیشنل کانفرنس میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔

کانفرنس کے دوران صوفی رانا بیدار حسین منج نے سیالکوٹ ریڈیو اسٹیشن کو ڈسکہ انڈسٹریل اسٹیٹ منتقل کرنے کے فیصلے کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے اس فیصلے کی واپسی کا مطالبہ کیا۔

صدر کانفرنس شہزاد حسین نقوی نے بھی اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سے ملاقات کرکے یہ فیصلہ واپس لینے کی درخواست کریں گے۔

تقریب کی صدارت کوآرڈی نیٹر سیالکوٹ ٹورزم اینڈ کلچرل فورم شہزاد حسین نقوی نے کی، جبکہ دیگر نمایاں شرکاء میں اسٹیشن ڈائریکٹر فرخ وحید آسی، پروگرام پروڈیوسر انجم چودھری، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کمیونٹی ڈویلپمنٹ کنسرن عبدالشکور مرزا، صدر سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب زاہد حسین، ملک خورشید اعوان، چودھری محمد یونس، زاہد شریف، آر جے محمد ریحان امجد، خواجہ امتیاز راٹھور، تابندہ انور، فوزیہ طاہرہ، فاقیہہ قمر، عائشہ نوید سمیت ریڈیو کے سامعین کی بڑی تعداد شامل تھی۔

پروگرام پروڈیوسر انجم چودھری نے کانفرنس سے خطاب میں بتایا کہ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے نہ صرف ایف ایم 101 ریڈیو اسٹیشن کو سیالکوٹ میں برقرار رکھنے بلکہ اس کے لیے مناسب عمارت فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔کانفرنس کے دوران خالد لطیف، طاہر منیر طاہر اور عبدالشکور مرزا کی کوششوں کو سراہا گیا، جنہوں نے سیالکوٹ میں ریڈیو پاکستان اسٹیشن کے قیام میں کردار ادا کیا۔

تقریب کے اختتام پر سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب کی تیسری سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، اور تمام شرکاء نے ریڈیو کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Comments are closed.