سیالکوٹ (باغی ٹی وی رپورٹ) مرکزی جمعیت اہل حدیث سیالکوٹ کے زیر اہتمام عظمت صحابہ و اہل بیت کانفرنس آج بروز ہفتہ، مرکزی عیدگاہ شہاب پورہ روڈ پر منعقد کی جا رہی ہے۔ کانفرنس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

مرکزی جمعیت اہل حدیث سیالکوٹ کے سیکرٹری اطلاعات و نشریات حافظ عبدالباسط حسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کانفرنس میں ملک کے مختلف علاقوں سے نامور جید علمائے کرام، مفسرین اور شیخ الحدیث شرکت کریں گے اور عظمتِ صحابہ کرام و اہل بیت اطہار پر ایمان افروز خطابات فرمائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس روح پرور اجتماع کا مقصد امت مسلمہ میں صحابہ کرام اور اہل بیت کی عظمت و محبت کو اجاگر کرنا، اتحاد بین المسلمین کو فروغ دینا اور عوام کو اسلام کی اصل تعلیمات سے روشناس کروانا ہے۔

حافظ عبدالباسط حسن نے شہرِ سیالکوٹ کے تمام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عظیم الشان کانفرنس میں بھرپور شرکت کر کے اپنے دلوں کو ایمان کی روشنی سے منور کریں اور دینِ حق کے پیغام کو سمجھیں۔

Shares: