سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر مدثر رتو)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر فاروق ڈار نے کہا ہے کہ ملک میں آئین، قانون اور جمہوریت یرغمال بنے ہوئے ہیں۔ گولی اور لاٹھی کی سرکار نے ملک کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔ ارباب اختیار کی ناقص پالیسیوں اور غلط فیصلوں کی وجہ سے ملک انتشار اور افراتفری کا شکار ہے۔ جب تک ملک کو نقصان پہنچانے والے مکروہ چہرے بے نقاب نہیں ہوتے، تب تک امن و خوشحالی کا حصول ممکن نہیں اور عوام کے حقوق اور آزادی کا تحفظ محض ایک خواب بن چکا ہے۔
اینٹی کرپشن عدالت میں پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمر فاروق ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں نے غیر معمولی حالات میں ہمیشہ استقامت کا مظاہرہ کیا اور ریاستی جبر و حکومتی انتقامی کارروائیوں کا ڈٹ کر سامنا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نظریہ پاکستان کے محافظ اور آئین کی بالادستی و قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑ رہے ہیں، جس میں پوری پاکستانی قوم ہمارے ساتھ ہے۔ آئین و قانون کی بالادستی کے بغیر پاکستان کا مستقبل روشن و تابناک بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ادارے اگر اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں گے تو ملکی مسائل کے حل ہونے میں دیر نہیں لگے گی۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سٹی صدر میاں اعجاز جاوید، جنرل سیکرٹری چوہدری محمد الطاف کے علاوہ کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔
عمر ڈار نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نے ہمیشہ عوام کو پورا سچ بتایا اور پاکستان کے اندرونی امور میں غیر ملکی مداخلت کے خلاف آواز بلند کی، جس کا مقصد پاکستان کی خود مختاری کا تحفظ اور اندرونی سیاسی امور میں بیرونی مداخلت کا راستہ روکنا تھا، جسے پوری پاکستانی قوم نے پذیرائی دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی آج بھی اپنے موقف پر قائم ہیں۔ پی ٹی آئی پاکستان کی خود مختاری کا تحفظ چاہتی ہے اور بیرونی مداخلت ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حکمرانوں کو اپنے غیر ملکی آقاؤں کی خوشنودی کے لیے پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی روش کا حساب دینا پڑے گا۔