سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن و امان برقرار رکھنے اور فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال ہے، جو ڈی پی او آفس اور محکمہ داخلہ پنجاب کے مرکزی سسٹم سے منسلک ہے۔

یہ بات انہوں نے دفتر ڈپٹی کمشنر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اقبال سنگھیڑا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کنٹرول روم میں سیف سٹی کے 263 کیمروں کے علاوہ مزید 100 کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں تاکہ مجالس اور ماتمی جلوسوں کی مانیٹرنگ بہتر انداز میں کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی عائد ہے، اور سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں ایک شخص کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے اور ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

صبا اصغر علی نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے محرم کے دوران 23 سبیلیں قائم کی جا رہی ہیں جبکہ 5 موبائل ٹوائلٹس بھی ماتمی جلوسوں کے ساتھ متحرک ہوں گے۔ انہوں نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا امن و امان برقرار رکھنے میں اہم شراکت دار ہے، اور انتظامات میں اگر کوئی کمی ہو تو اس کی نشاندہی کی جائے تاکہ فوری اصلاح کی جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تمام مجالس و جلوسوں کے منتظمین سے ضلعی انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہے۔ محکمہ صحت کی کلینک آن ویلز سروس، ریسکیو 1122 ٹیمیں، اور ستھرا پنجاب کے سینٹری ورکرز موقع پر موجود ہوں گے تاکہ صحت اور صفائی کے امور میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔

بعد ازاں میڈیا نمائندگان کو کنٹرول روم کا دورہ بھی کرایا گیا، جہاں انہیں سیکیورٹی اور مانیٹرنگ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

Shares: