سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض) کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل سید امداد حسین شاہ نے آپریشن بنیان المرصوص اور بھارتی جارحیت کے دوران زخمی ہونے والے فوجی جوانوں اور سول افراد کی عیادت کے لیے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) سیالکوٹ کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی، ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور سی ایم ایچ انتظامیہ کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
کور کمانڈر گوجرانوالہ نے 23 فوجی جوانوں اور 8 شہریوں کی عیادت کے دوران ان کے بلند حوصلے اور وطن سے محبت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ غازی ہماری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کے اہلخانہ کو یقین دلایا کہ افواجِ پاکستان ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔
دوسری جانب گیریژن آفیسر کمانڈر 15 ڈویژن میجر جنرل عمران خان بابر، صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق، پارلیمانی سیکریٹری رانا فیاض، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی، ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ، ڈپٹی کمشنر صباء اصغر علی اور ڈی پی او فیصل شہزاد نے بھی سی ایم ایچ سیالکوٹ کا دورہ کیا۔ حکام نے بھارتی بلا اشتعال فائرنگ سے زخمی ہونے والے افسروں، جوانوں اور شہریوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر تمام اعلیٰ حکام نے زخمیوں کے جذبۂ قربانی، عزم و ہمت اور حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قوم دشمن کی ہر جارحیت کا متحد ہو کر جواب دے گی