سیالکوٹ: گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن، 423 منافع خور گرفتار، 1.04 کروڑ روپے جرمانے

سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) ضلع سیالکوٹ میں گراں فروشی کے خاتمے کے لیے مہم تیز کر دی گئی ہے۔ جنوری کے دوران 3,045 دکانداروں کو 1 کروڑ 4 لاکھ 82 ہزار روپے جرمانے، 423 ناجائز منافع خور گرفتار، 134 دکانیں سیل جبکہ 12 دکانداروں کے خلاف پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے پرائس مجسٹریٹس کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ مارکیٹ کمیٹیوں سے پرائس لسٹ کی بروقت تقسیم یقینی بنائی جائے اور اسے نمایاں طور پر ڈسپلے کروانا پرائس مجسٹریٹس کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید ہدایت دی کہ تندوروں، بیکریوں، دودھ فروشوں، پولٹری، بیف اور مٹن شاپس پر قیمتوں کے سرکاری نرخ نامے لازمی آویزاں کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال کی زیر صدارت پٹوار خانہ ریسٹ ہاؤس میں ریونیو عوامی خدمت کچہری منعقد کی گئی، جہاں انہوں نے شہریوں کی محکمہ مال سے متعلق شکایات سنی اور موقع پر احکامات جاری کیے۔ تحصیلدار مشتاق راں بھی اجلاس میں شریک تھے۔

Comments are closed.