سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض) ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن، 1152 دکانداروں کوجرمانہ، 68 گرفتار

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے اعلان کیا ہے کہ ضلع بھر میں ناجائز منافع خوری اور گراں فروشی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ رواں ماہ کے دوران 1152 دکانداروں کو گراں فروشی پر 63 لاکھ 5 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ 68 افراد کو موقع پر گرفتارکیا گیا اور 36 دکانوں کو سیل جبکہ 4 کے خلاف پرائس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پرائس مجسٹریٹس نے 14,065 انسپکشنز مکمل کیں تاکہ قیمتوں کو کنٹرول میں رکھا جا سکے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، اور تمام پرائس مجسٹریٹس نے شرکت کی۔

محمد ذوالقرنین نے ہدایت کی کہ پرائس مجسٹریٹس چھٹی کے دن بھی قیمتوں کی چیکنگ جاری رکھیں اور شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ اشیائے خورد و نوش کے معیار اور مقدار کی بھی سخت نگرانی کی جائے اور ملاوٹ یا ناپ تول میں دھوکہ دہی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ میرج ہالز اور مارکیز کا دورہ کرکے ون ڈش پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ بیکریوں اور تندوروں پر روٹی اور دیگر اشیاء مقررہ نرخوں پر فراہم کرنے کی ریگولر انسپکشن بھی کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے بعدازاں ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کی۔ ڈی او ایمرجنسی نوید اقبال نے ریسکیو 1122 کی کارکردگی رپورٹ پیش کی جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم کے انچارج کیوان حسن نے قدرتی آفات سے متعلق بریفنگ دی۔

محمد ذوالقرنین نے ہدایت کی کہ پسرور روڈ پر ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے خصوصی آگاہی مہم چلائی جائے اور سول سوسائٹی کو اس میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے اسکولوں میں بچوں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے اور ابتدائی طبی امداد کی تربیت دینے کے اقدامات کی بھی تاکید کی۔

Shares: