سیالکوٹ(باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) ضلع بھر میں گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، 95 افراد گرفتار اور لاکھوں روپے کے جرمانے

ضلع سیالکوٹ میں گراں فروشی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے بتایا کہ ماہ اکتوبر کے دوران ضلع بھر میں 95 گراں فروشوں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 1774 دکانداروں پر 98 لاکھ 34 ہزار 500 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ضلع میں جاری پرائس چیکنگ مہم کے حوالے سے پرائس مجسٹریٹس کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کو مانیٹر کرنے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے جی پی ایس بیسڈ ایپ کا استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے کارروائیوں کی جگہ اور وقت کا درست ریکارڈ رکھا جا سکے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دکانوں پر قیمتوں کی فہرست واضح جگہ پر آویزاں کروائیں اور عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کریانہ و جنرل اسٹورز کے ساتھ ساتھ تندوروں، بیکریوں، اور چکن شاپس کی بھی باقاعدگی سے چیکنگ کی جا رہی ہے تاکہ عوام الناس کو مناسب داموں پر معیاری اشیاء فراہم ہو سکیں۔

ڈپٹی کمشنر نے صارفین پر زور دیا کہ وہ ناجائز منافع خوروں کی شکایات درج کرنے کے لیے پنجاب قیمت ایپ کا استعمال کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایپ پر موصول ہونے والی شکایات پر فوری اور بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صارفین خریداری کے دوران پرائس لسٹ چیک کریں اور مقررہ قیمتوں پر ہی خریداری کریں تاکہ منافع خوروں کے خلاف موثر اقدامات کیے جا سکیں۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام شہریوں کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ حکومت کی جانب سے گراں فروشی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Shares: