سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) تھانہ نیکاپورہ پولیس کی جانب سے ایمن آباد روڈ، رام گڑھا چوک کے قریب ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلے کے دوران ایک خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس نے مشتبہ موٹر سائیکل سوار دو مسلح افراد کو ناکہ بندی کے دوران رکنے کا اشارہ کیا، جس پر انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور نالہ ایک کی جانب فرار ہونے لگے۔ پولیس نے فوری جوابی حکمتِ عملی اپناتے ہوئے دفاعی پوزیشن سے فائرنگ کا جواب دیا اور ملزمان کا تعاقب شروع کیا۔
فائرنگ کے تبادلے کے بعد جب علاقہ میں سرچ آپریشن کیا گیا تو نالہ ایک کے قریب ایک ملزم کی لاش ملی جو اپنے ہی ساتھی کی گولی کا نشانہ بن کر موقع پر ہی ہلاک ہو چکا تھا۔ ہلاک ملزم کی شناخت معصوم عرف موما کے نام سے ہوئی ہے جو اقدام قتل، ڈکیتی، راہزنی اور پولیس مقابلوں سمیت 17 سنگین مقدمات میں ملوث اور پولیس کو انتہائی مطلوب تھا۔ فرار ہونے والے دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقہ بھر میں ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور پولیس ٹیمیں متحرک ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ واقعہ کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے اور ملزم کے مجرمانہ ریکارڈ کی روشنی میں تفتیش کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔









