سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے ضلع میں جاری قومی انسداد پولیو مہم کا فیلڈ میں جا کر جائزہ لیا، مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو چیک کیا۔ انہوں نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جانے والے گھروں کی ڈور ٹو ڈور انسپکشن بھی کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے انسداد پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ دیے گئے نقشہ جات اور مائیکرو پلان کے مطابق اپنی کارروائی جاری رکھیں، ویکسین کی کولڈ چین کا خاص خیال رکھیں، اور گھروں میں موجود نہ ہونے والے بچوں کا مکمل ریکارڈ محفوظ رکھ کر ایس او پیز کے مطابق انہیں کور کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلائیں تاکہ وائرس کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی علاقے میں 30 مئی تک پولیو ٹیم نہیں پہنچتی یا انسداد پولیو سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات یا رہنمائی درکار ہو تو شہری ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کے نمبر 052-9250011 پر فوری رابطہ کریں۔

Shares: