سیالکوٹ:بارش کے دوران ڈپٹی کمشنر کا شہر کا دورہ، شہریوں کو ہدایات دیں
سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض): سیالکوٹ میں بارش کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے شہر کا دورہ کیا اور ایس ڈبلیو ایم سی کے مقامی حکام اور عملہ کے ساتھ نشیبی علاقوں، بشمول شہاب پورہ اور حاجی پورہ کا معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے سینی ٹیشن سٹاف اور افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں رہیں اور بارشی پانی کے مکمل نکاس تک ایس ڈبلیو ایم سی کا عملہ ڈیوٹی پر موجود رہے۔ انہوں نے ڈسپوزل اسٹیشن کو فعال رکھنے اور نشیبی علاقوں سے پانی کے نکاس کیلئے ڈی واٹرنگ پمپس کے استعمال کی بھی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کو ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے وہ 9250011 کنٹرول روم میں رابطہ کریں۔
بتایا گیا ہے کہ شام 6:30 سے 12 بجے تک 45 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے ساتھ ہی عملہ نے رین ایمرجنسی کیمپ میں پہنچ کر آپریشن کا آغاز کردیا اور نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کا جلد ازجلد نکاس یقینی بنایا گیا ہے۔