سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے عید الفطر کے پر مسرت موقع پر عوامی خدمت کے جذبے کے تحت ڈسٹرکٹ جیل اور دیگر مختلف سرکاری اداروں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے اسیران، بے سہارا بچوں اور خواتین اور مریضوں میں مٹھائی تقسیم کی۔
ڈپٹی کمشنر نے سب سے پہلے ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا، جہاں قیدیوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی، تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔ اس کے بعد انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم بے سہارا بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان میں مٹھائی تقسیم کی۔
دارالامان (سوشل ویلفیئر کمپلیکس) میں مقیم خواتین کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لیے مٹھائی پیش کی گئی۔ اسی طرح علامہ اقبال میموریل ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کو مٹھائی دی گئی تاکہ وہ بھی عید کی مسرتیں محسوس کر سکیں۔
انہوں نے علامہ اقبال میموریل ہسپتال میں عید کے موقع پر ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹروں اور دیگر عملہ کی حاضری بھی چیک کی اور کہا کہ اس پر مسرت موقع پر اپنے گھر والوں سے دور رہ کر سرکاری امور نبھانے والے ڈاکٹرز، افسران اور عملہ ستائش کے مستحق ہیں۔
آخر میں ڈپٹی کمشنر نے ایس او ایس ولیج کا دورہ کیا اور وہاں کے بچوں کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارے اور انہیں مٹھائی دی۔
ان مواقع پر گفتگو کرتے ہوئے، ڈپٹی کمشنر ذولقرنین لنگڑیال نے کہا کہ یہ اقدامات حکومت پنجاب کی عوامی فلاح و بہبود کے جذبے کی عکاسی کرتے ہیں اور ان کا مقصد ان افراد کے ساتھ خوشیاں بانٹنا تھا جو مختلف وجوہات کی بنا پر اپنے گھروں سے دور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عید الفطر خوشیاں تقسیم کرنے کا موقع ہے اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد خصوصاً بزنس کمیونٹی اور سٹوڈنٹس کو اس موقع پر مجبور اور بے سہارا لوگوں کو یاد رکھنا چاہیے اور انکے ساتھ وقت گزارنا چاہیے۔