سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے علی الصبح نیو سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا، جہاں سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کے عمل اور طلب و رسد کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ کی تمام سبزی و فروٹ منڈیوں میں نیلامی کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر اور پرائس مجسٹریٹس کر رہے ہیں تاکہ قیمتوں کا تعین شفاف طریقے سے ہو اور پرائس لسٹ بروقت جاری کی جا سکے۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت دی کہ پرائس لسٹ فوری دکانداروں تک پہنچائی جائے اور ہر دکان پر نمایاں جگہ آویزاں کی جائے تاکہ عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیاء مل سکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے، جو بھی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کرے گا اسے جیل بھیجا جائے گا۔ عوام کو ہدایت دی گئی کہ وہ زائد قیمت ادا نہ کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں کنٹرول روم 9250011 یا پنجاب قیمت ایپ پر رپورٹ درج کرائیں۔
اس سے قبل ڈپٹی کمشنر نے شہر میں صفائی آپریشن کا جائزہ لیا اور عملے کی حاضری چیک کی۔ سی او ایس ڈبلیو ایم سی کاشف رندھاوا بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے صفائی عملے کو ہدایت دی کہ بارشوں کے پیش نظر چوکنگ پوائنٹس پر ایمرجنسی رین اسکواڈ تعینات کیے جائیں تاکہ پانی کے نکاس کو یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔