سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے تحصیل سمبڑیال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹی ایچ کیو سمبڑیال اور آر ایچ سی بیگووالہ کی ری ویمپنگ کے جاری کام کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت بھی کی اور طبی سہولیات اور مفت ادویات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے بلڈنگ ڈویژن کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کی اسکیم کو جلد مکمل کیا جائے اور اس میں معیار کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ یہ منصوبے عوام کے لیے دیرپا ثابت ہوں۔
انہوں نے آر ایچ سی بیگووالہ کی عارضی شفٹنگ کا بھی معائنہ کیا اور ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بلا تعطل طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور کسی بھی قسم کی غفلت سے بچا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے سمبڑیال گرہن بیلٹس کا بھی معائنہ کیا اور اس کی تزئین و آرائش کے لیے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ائیر پورٹ چوک میں سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیر پورٹ اور پاکستان سرجیکل ایسوسی ایشن کے تعاون سے زیر تعمیر مانومنٹ کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔