سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے عیدالاضحی کے تناظر میں سیالکوٹ شہر میں قربانی کے جانوروں کے لیے قائم کردہ سیل پوائنٹس اور منڈیوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے سب سے پہلے اکبر آباد چوک میں جانوروں کی عارضی منڈی کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے بیوپاریوں سے فراہم کی گئی سہولیات سے متعلق استفسار کیا اور مجموعی انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی، پینے کے پانی، شیڈز اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ نہ صرف شہریوں کو سہولت ہو بلکہ جانور لانے والے بیوپاری بھی کسی پریشانی کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عیدالاضحی کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔
بعد ازاں، انہوں نے ایمن آباد روڈ پر قائم نئی سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا، جہاں صفائی ستھرائی، نرخوں کے تعین اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو فوری طور پر منڈی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے احکامات جاری کیے۔
دورے کے موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ملک اعجاز احمد، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی ملک عبداللہ، اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محبوب الٰہی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔