سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف) سیالکوٹ کے ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے اچانک تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سمبڑیال اور بنیادی مرکز صحت دھانانوالی کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد ہسپتالوں میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لینا اور ڈاکٹرز و عملے کی حاضری چیک کرنا تھا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال احسن ممتاز گوندل اور ایم ایس ڈاکٹر محمد جاوید ساہی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے فراہم کردہ طبی سہولیات کے بارے میں پوچھا۔ انہوں نے مریضوں کو دستیاب سہولیات جیسے او پی ڈی، ایمرجنسی، اور داخل مریضوں کو ملنے والی ادویات کے مفت فراہم ہونے کی تصدیق کی۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ہسپتال میں ہپاتائٹس کے پی سی آر سمیت دیگر میڈیکل ٹیسٹ کی سہولیات بھی دستیاب ہیں، جن کا مقصد عوام کو بہتر اور معیاری علاج فراہم کرنا ہے۔

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال کے ساتھ وزیر اعلیٰ پنجاب کے "اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت قائم کیے گئے سنٹر کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں اس پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 1739 خاندانوں کی رجسٹریشن مکمل کی جا چکی ہے۔ پہلی قرعہ اندازی میں سیالکوٹ سے 212 خوش نصیب درخواست گزاروں کے کیسز منظور کر لیے گئے ہیں اور ان کے گھروں کی فراہمی کا پراسس جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے سمبڑیال میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے ساتھ جاری سیوریج ڈرین کی تعمیر کے منصوبے کی رفتار اور معیار کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ علاقہ مکینوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے عوامی خدمت کے جذبے کے تحت ان تمام منصوبوں پر اپنی نظر رکھنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ عوامی سہولتوں کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔

Shares: