سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مظفر مختار نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب معذور افراد کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معذور افراد میں ہمت کارڈ کی تقسیم مکمل ہو چکی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ ویلفیئر اینڈ ری ہیبیلیٹیشن کی میٹنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔ میٹنگ میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شریف گھمن، سی ای او ایجوکیشن مجاہد علوی، ڈی ایچ او ڈاکٹر احمد ناصر، ضلعی زکوٰۃ آفیسر محمد اشرف، ڈی ایس او افتخار گوندل اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
مظفر مختار نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے ساتھ غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے ویل چیئرز، وائٹ کین، عینکیں اور ٹاکنگ واچز کی تقسیم کا عمل بھی جاری ہے۔ معذور افراد کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے اور محکمہ سوشل ویلفیئر میں معذور افراد کی رجسٹریشن کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔