سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (PLRA) چوہدری طارق سبحانی نے رکن صوبائی اسمبلی رانا عارف اقبال ہرناہ کے ہمراہ اسپیشل پرسنز میں وزیر اعلیٰ ہمت کارڈز کی تقسیم کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین PLRA چوہدری طارق سبحانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی پروگرام "ہمت کارڈ” کے اجراء سے مستحق افراد میں ان کی عزت نفس مجروح کیے بغیر وظائف کی تقسیم ممکن ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے کے 40 ہزار اسپیشل افراد کو پہلے مرحلے میں سہ ماہی امداد کے لیے رجسٹرڈ کیا جا چکا ہے جبکہ مجموعی طور پر 65 ہزار افراد اس اسکیم سے مستفید ہوں گے اور ان کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے مختصر عرصے میں "اپنی چھت اپنا گھر” اور "ہمت کارڈ” جیسے تاریخی اقدامات کو سراہا اور کہا کہ یہ اسکیمیں قابل فخر ہیں۔
تقریب میں موجود سابق رکن صوبائی اسمبلی رانا عارف ہرناہ نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اسپیشل افراد کے لیے مستقل بنیادوں پر وظائف کی تقسیم کا اجراء کیا گیا ہے۔ اس اسکیم کو شفاف بنانے کے لیے ڈور ٹو ڈور ویری فیکیشن کا عمل بھی مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ حقدار افراد تک امداد پہنچ سکے۔
تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شری گھمن، سابق چیئرمین ضلع بیت المال کمیٹی چوہدری شکیل احمد، ممبر ہمت کارڈ کمیٹی اشفاق نذر گھمن بھی شریک تھے جنہوں نے اس اسکیم کے تحت مستحقین تک پہنچنے والے فوائد اور امدادی پروگراموں کی افادیت پر روشنی ڈالی۔