سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) الخدمت فاؤنڈیشن ڈسکہ کے زیراہتمام مقامی ہال میں مستحق معذور افراد میں ویل چیئرز تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر الخدمت فاؤنڈیشن ضلع سیالکوٹ خواجہ مسعود اختر (ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز) تھے، جبکہ سرپرست الخدمت فاؤنڈیشن ضلع سیالکوٹ چوہدری امتیاز احمد بریار اور سرپرست الخدمت فاؤنڈیشن ڈسکہ عامر صدیق چیمہ ایڈووکیٹ بھی شریک تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ پروگرام کوآرڈینیٹر عمر وریاہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مہمانوں کا استقبال کیا۔ تقریب کے دوران مقررین نے الخدمت فاؤنڈیشن کی ملکی و بین الاقوامی سطح پر خدمات، خصوصاً غزہ میں جاری امدادی سرگرمیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام خدمات شہریوں اور مخیر حضرات کے تعاون سے جاری ہیں۔
تقریب میں مختلف سماجی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی جن میں سابق صدر ڈسکہ بار محمد انور مغل ایڈووکیٹ، سابق چیئرمین بلدیہ خواجہ عاطف رضا پاشی، قاری ذوالفقار علی سیالوی، چیئرمین ڈسکہ پریس کلب شکیل اکرم ورک، پرنسپل گورنمنٹ کالج ڈسکہ امان اللہ راٹھور، صدر الفجر فاؤنڈیشن خلیل الرحمن مغل، اور بانی ڈسکہ یونین آف جرنلسٹ امین رضا مغل شامل تھے۔
تقریب کے اختتام پر 40 مستحق معذور افراد میں ویل چیئرز تقسیم کی گئیں اور معزز مہمانوں کو شیلڈز پیش کی گئیں۔ آخر میں ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔