سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،ڈسٹرکٹ رپورٹرمدثررتو) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO)ڈاکٹر سادات انور نے سوشل میڈیا پر سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین کے بارے میں پھیلائی جانے والی منفی اور بے بنیاد افواہوں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی جھوٹی خبروں پر یقین نہ کریں اور صرف مستند طبی ماہرین کی بات پر بھروسہ کریں۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر سادات انور نے بتایا کہ سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی مہم 15 سے 27 ستمبر تک ڈسکہ میں جاری ہے۔ اس مہم کے تحت 9 سے 14 سال کی بچیوں کو عالمی ادارہ صحت (WHO) اور یونیسیف سے منظور شدہ ویکسین دی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ویکسین مکمل طور پر محفوظ اور موثر ہے اور مستقبل میں بچیوں کو اس مہلک بیماری سے بچانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ بے بنیاد پروپیگنڈے کا شکار ہوئے بغیر اپنی بچیوں کو بروقت ویکسین لگوائیں تاکہ ان کی صحت اور مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔








