فلسطین فنڈ کے لیے ڈاکٹر اسامہ رضی کو آٹھ لاکھ روپے پیش

سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی خان نے سیالکوٹ میں جماعت اسلامی ضلع سیالکوٹ کے امیر چوہدری امتیاز احمد بریار کی حلف برداری کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی طاقتوں کی کاسہ لیسی کے باوجود پاکستان کی عوام کو ابھی تک حقیقی آزادی حاصل نہیں ہوئی۔ڈاکٹر اسامہ رضی خان نے جماعت اسلامی کے آئینی اصولوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کے آئین کو تمام اکائیوں اور مکاتب فکر کے متفقہ معاہدہ کے طور پر دیکھتی ہے۔ انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوئی اخلاقی حیثیت نہیں جو فارم 47 کی بنیاد پر تشکیل پائی ہے۔انہوں نے جماعت اسلامی کی ممبر شپ مہم اور بجلی کے بلوں کے خلاف دھرنوں کی کامیابی کا ذکر کیا، جس کے نتیجے میں محب وطن طبقہ، نوجوان اور خواتین جماعت اسلامی کی طرف متوجہ ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ، اس تقریب میں ممبر شپ مہم کی کامیابی پر کارکنوں کو شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔

چوہدری امتیاز احمد بریار نے فلسطین فنڈ کے لیے ڈاکٹر اسامہ رضی کو آٹھ لاکھ روپے پیش کیے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں جماعت اسلامی پاکستان کے امیر کی جدوجہد کو سراہا اور سیالکوٹ کی جانب سے اس جدوجہد میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرائی۔

Comments are closed.