سیالکوٹ( باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض ) نکاسی آب کے مسئلے کا حل، 1600 فٹ لمبا نالہ تعمیر کیا جائے گا
ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے اعلان کیا ہے کہ کوٹلی لوہاراں مشرقی میں نکاسی آب کے دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے 1600 فٹ لمبا نالہ تعمیر کیا جائے گا۔ نالے کی توسیع اور تعمیر کے لیے 6.5 کنال نجی اراضی کی ایکوائرمنٹ کی ضرورت ہے، جس کے لیے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کو خط لکھا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کوٹلی لوہاراں مشرقی کے دو زمین مالکان نے نالے کی تعمیر کے لیے 4 کنال اراضی بغیر معاوضے کے فراہم کرنے کا حلف نامہ جمع کروا دیا ہے۔ باقی 2.5 کنال اراضی (600 فٹ لمبی) کی ایکوائرمنٹ کے لیے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے ایڈوائس مانگی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوٹلی لوہاراں مشرقی 30 ہزار آبادی پر مشتمل ایک قصبہ ہے جہاں بارشوں کے دوران نالے کی ناکافی گنجائش کی وجہ سے پانی کی اوور فلو کا مسئلہ پیدا ہوا ہے۔ مقامی لوگوں نے نالے کی توڑ پھوڑ کی جس سے پانی کی نکاسی مشکل ہو گئی تھی۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ نالے اور پلیوں کی ڈی سلٹنگ کے بعد پانی کی سطح کم ہو رہی ہے اور ڈی واٹر سیٹ بھی لگائے گئے ہیں۔ اگر مزید بارش نہ ہوئی تو پانی ایک دن میں اتر جائے گا۔
اس مسئلے کا مستقل حل نالے کی تعمیر میں ہے، جس کے لیے نجی زمین کی ایکوائرمنٹ کے بعد ساڑھے تین کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے ڈویلپمنٹ ریویو کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پلاننگ مظفر مختار، ڈسٹرکٹ آفیسر انفراسٹرکچر اینڈ سروسز ملک ریاض، ڈی ڈی ڈویلپمنٹ چودھری آصف، محکمہ پبلک ہیلتھ اور ایریگیشن کے حکام بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے ایریگیشن کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ ضلع سیالکوٹ میں بارشی اور سیلابی پانی کی نکاسی کے لیے نالوں پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے ایک مفصل رپورٹ فراہم کریں تاکہ سیلابی پانی کی گزرگاہوں کو ناجائز قابضین سے واگزار کرایا جا سکے۔