سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (ڈی آر سی) کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا، جس میں سائلین کی داد رسی کا سلسلہ جاری رہا۔ اجلاس میں 20 درخواستوں پر فیصلے کیے گئے اور ناجائز قابضین سے زمینیں واگزار کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔
اجلاس میں ڈی پی او فیصل شہزاد، اے ڈی سی ریونیو عباس ذوالقرنین، اے ڈی سی جنرل شاہد عباس، چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ایس ڈی پی اوز اور متعلقہ ریونیو افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے حیات والد کے مکان سے حصہ حاصل کرنے کے لیے من گھڑت مؤقف پیش کرنے پر ایک شہری کو 15 ہزار روپے جرمانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آر سی کا فورم صرف حقداروں کی داد رسی کے لیے ہے اور جھوٹی درخواستوں کے باعث قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ جائیداد کی متنازعہ تقسیم کی صورت میں فریقین کے درمیان باہمی افہام و تفہیم سے منصفانہ تقسیم یقینی بنائیں اور کسی کے حق کو ضائع نہ ہونے دیں۔
صبا اصغر علی نے کہا کہ جن شہریوں کو ریونیو قوانین کا علم نہیں، انہیں قانونی رہنمائی فراہم کی جائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن اور پنجاب پروٹیکشن آف ایمووایبل پراپرٹی ایکٹ 2025ء کے تحت کمیٹی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔








