سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (ڈی آر سی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہریوں کے مختلف تنازعات پر تفصیلی سماعت کی گئی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ صفدر شبیر، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر، ایس ڈی پی اوز اور متعلقہ ریونیو حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈی آر سی کو موصول ہونے والی 26 درخواستوں پر غور کیا گیا، جن میں اراضی تنازعات، خاندانی جھگڑے اور دیگر سول نوعیت کے معاملات شامل تھے۔ کمیٹی نے فریقین کے مؤقف سنے اور دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لیا، جس کے بعد 5 درخواست گزاروں کو ان کی زمین کا قبضہ دلوانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی عوام کو فوری، شفاف اور کم خرچ انصاف کی فراہمی کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے، جہاں زمین و جائیداد کے تنازعات کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے خوش اسلوبی سے حل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تقسیم اور قبضے سے متعلق کیسز میں موقع پر جا کر انکوائری کو یقینی بنایا جائے جبکہ ریونیو افسران مکمل ریکارڈ بروقت فراہم کریں۔
ڈی پی او فیصل شہزاد نے کہا کہ تنازعات کا بروقت اور منصفانہ حل امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ ریونیو محکمے کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ شہریوں کو جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر متعدد کیسز نمٹا دیے گئے جبکہ بعض معاملات میں مزید جانچ پڑتال اور فریقین کو آئندہ سماعت کے لیے طلب کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔








