سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرمدثر رتو) ڈی ایس پی سجاد باجوہ سمبڑیال و ڈسکہ تعینات، میرٹ و انصاف اولین ترجیح

ڈی ایس پی محمد سجاد باجوہ کو انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے سمبڑیال سرکل کا ڈی ایس پی تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ وہ اس وقت ڈسکہ سرکل کا اضافی چارج بھی سنبھالے ہوئے ہیں۔ ڈی ایس پی محمد سجاد باجوہ اپنی خوش اخلاقی، میرٹ پسندی اور سفارشی کلچر کے خلاف دوٹوک مؤقف کے باعث ڈیپارٹمنٹ میں بہترین شہرت کے حامل ہیں۔

ایک خصوصی ملاقات میں ڈی ایس پی سجاد باجوہ نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی صورت سفارش یا دباؤ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور بلا تفریق انصاف کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے اور دوران گشت، ناکہ بندی یا دیگر معاملات میں ہر فرد کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے گا۔

انہوں نے پولیس ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ فرائض کی ادائیگی میں دیانت داری اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس میں احتسابی عمل سے کارکردگی بہتر ہوتی ہے اور غفلت یا کرپشن کے مرتکب ملازمین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ دیگر ملازمین بھی سبق حاصل کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی ہدایات پر منشیات، اشتہاری مجرموں اور غیر قانونی اسلحہ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ڈی ایس پی محمد سجاد باجوہ نے کہا کہ عوامی خدمت میں ہی پولیس کی کامیابی اور عزت پوشیدہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا دفتر عوام کے لیے 24 گھنٹے کھلا ہے اور ہر شہری کے مسئلے کو سنجیدگی سے سنا جائے گا۔

سول سوسائٹی، سماجی حلقوں اور صحافی برادری نے ڈی ایس پی محمد سجاد باجوہ کی عوام دوست پالیسیوں، ملازمین کی فلاح و بہبود کے اقدامات اور انصاف پر مبنی طرزِ عمل کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔

Shares: