سیالکوٹ (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ سرکاری سکولوں کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا گیا اور بحالی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری، سی ای او ایجوکیشن مجاہد علوی، اور بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے مقامی حکام سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ سکولوں کی عمارتوں، فرنیچر اور تعلیمی سامان کا تخمینہ فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ بحالی کا عمل جلد شروع ہو سکے۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کی حفاظت کے پیش نظر ضلع کے 26 سکول عارضی طور پر بند کیے گئے تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے اعلان کیا کہ تمام ضروری اقدامات کے بعد 15 ستمبر 2025 سے سیالکوٹ کے تمام سرکاری سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال کر دی جائیں گی۔ انہوں نے محکمہ تعلیم اور بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کو اس تاریخ تک تمام سکولوں کی صفائی، مرمت اور حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تعلیم کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

Shares: