سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ، محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے تعلیمی اداروں کو ہدایت دی ہے کہ بچوں کی رسمی تعلیم کے ساتھ فنون لطیفہ، تحقیق، اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات بچوں کی صلاحیتوں میں بہتری، شخصیت نکھار، اور اعتماد میں اضافے کا باعث بنیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ہائی سیکنڈری اسکول فار اسپیشل پرسنز اور سنٹر آف ایکسیلنس لیڈی اینڈریسن گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول کا دورہ کیا۔ سنٹر آف ایکسیلنس کی لائبریری کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے پرنسپل کو ہدایت کی کہ طالبات میں کتب بینی کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے ٹائم ٹیبل میں لائبریری کا وقت شامل کیا جائے۔
انہوں نے اسپیشل ایجوکیشن کے گورنمنٹ ہائی سیکنڈری اسکول، نیکاپورہ کا بھی دورہ کیا، جہاں سماعت سے محروم بچوں کی تدریس کا جائزہ لیا اور بچوں کے ساتھ سوال و جواب کے ذریعے تدریسی معیار کو جانچا۔
اس موقع پر انہوں نے خواجہ صفدر روڈ سمیت دیگر گرین بیلٹس کا معائنہ کیا اور پی ایچ اے حکام کو صفائی، گھاس کی کٹائی، اور دیگر انتظامات بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔