سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے آج صبح ہونے والی شدید بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں قائم رین ایمرجنسی کیمپس، ڈسپوزل اسٹیشنز، ڈی واٹرنگ سیٹس اور سینی ٹیشن عملے کی کارکردگی کا ہنگامی دورہ کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور تمام چوکنگ پوائنٹس پر متعلقہ عملہ ہر وقت موجود رہے تاکہ کسی بھی جگہ پانی جمع ہونے کی شکایت نہ ہو۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق آج صبح 10 بجے تک مختلف علاقوں میں بارش کا ریکارڈ درج کیا گیا، جن میں سیالکوٹ کینٹ میں 24 ملی میٹر، شہر میں 18 ملی میٹر، ایئرپورٹ پر 48 ملی میٹر، سمبڑیال میں 25 ملی میٹر، ڈسکہ کالج روڈ پر 63 ملی میٹر، ایم سی ڈسکہ میں 58 ملی میٹر اور پسرور میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

دریائے چناب میں مرالہ ہیڈورکس پر پانی کی آمد 1,53,234 کیوسک جبکہ اخراج 1,26,284 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جو کہ درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال کو ظاہر کرتا ہے۔ تاہم نالہ ڈیک، نالہ ایک، نالہ بھیڈ، نالہ پلکھو سمیت دیگر آبی گزرگاہوں میں پانی کی روانی محفوظ سطح پر ہے اور تمام مقامات کو "نارمل” قرار دیا گیا ہے۔ یو سی سی اور ایم آر لنک میں بھی پانی کی سطح حفاظتی حد سے کم رپورٹ ہوئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے مکمل الرٹ رہیں، صفائی اور نکاسی آب کے عمل میں تیزی لائی جائے اور شہریوں کو ہرممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر مؤثر انداز میں قابو پایا جا سکے۔ شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں ضلعی کنٹرول روم کی ہیلپ لائن 1718 پر رابطہ کریں۔

Shares: