سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر مدثر رتو)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) سیالکوٹ ایوب بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی آلودگی جیسے سنگین مسائل کا شکار ہے، ان چیلنجز سے نمٹنے کا واحد حل زیادہ سے زیادہ شجرکاری ہے۔
سی ٹی آئی ہائی سکول میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت طلباء اور اساتذہ کے ساتھ پودے لگاتے ہوئے ایوب بخاری نے کہا کہ ہر شہری، خصوصاً نوجوان نسل کو اپنے گھروں، تعلیمی اداروں اور کھلی جگہوں پر درخت لگانے چاہئیں اور ان کی حفاظت بھی کرنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کا موسم اور زمین شجرکاری کے لیے انتہائی موزوں ہے، یہاں زیادہ بارشیں ہوتی ہیں، اس لیے زیادہ درخت اگائے جا سکتے ہیں۔
ایوب بخاری نے کہا کہ جنگلات کی کمی کی وجہ سے بارشوں میں کمی اور خشک سالی جیسے خطرات بڑھ چکے ہیں، اگر ہر فرد اپنے حصے کا درخت لگا لے تو موسمیاتی چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
تقریب میں ڈی او ایمرجنسی نوید اقبال، کلین گرین چیمپئن اشفاق نذر، پرنسپل فاران گل، میڈم ربیقہ گل، اساتذہ، طلباء اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔