سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)رکنِ صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے الخدمت چلڈرنز ہسپتال، خادم علی روڈ سیالکوٹ کا دورہ کیا اور ادارے کی شاندار خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے بچوں کی صحت کے شعبے میں ایک مثالی ادارہ قرار دیا۔
منشاء بٹ نے کہا کہ الخدمت ہسپتال فلاحی جذبے کے تحت مستحق بچوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے، جہاں جدید مشینری، تربیت یافتہ عملہ اور صاف ستھرا ماحول موجود ہے، جو کسی بڑے نجی اسپتال سے کم نہیں۔ انہوں نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے ہسپتال کی خدمات کے اعتراف میں اس کا لائسنس 2030 تک تجدید کر دیا ہے۔
انہوں نے ادارے کے بانیان، منتظمین اور عملے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت چلڈرنز ہسپتال دکھی انسانیت کی خدمت، خصوصاً بچوں کے علاج کے لیے مشعلِ راہ ہے اور ایسے ادارے ہی معاشرے کی حقیقی ترقی کی علامت ہوتے ہیں۔
منشاء بٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حکومتی سطح پر ایسے فلاحی اداروں کی سرپرستی اور سہولت کاری کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے تاکہ ان کی خدمات کو مزید وسعت دی جا سکے۔








