سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)پاکستان ریلوے نے 12 سال بعد سیالکوٹ اور لاہور کے درمیان چلنے والی سیالکوٹ ایکسپریس ٹرین سروس کو بحال کر دیا ہے، جس کا افتتاح وزیر مملکت چوہدری ارمغان سبحانی نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ ٹرین لاہور سے صبح 5 بجے روانہ ہوئی اور 9 بج کر 45 منٹ پر سیالکوٹ ریلوے اسٹیشن پہنچی، جہاں ریلوے حکام، شہریوں اور مقامی شخصیات نے والہانہ استقبال کیا۔
ٹرین کی آمد پر وزیر مملکت چوہدری ارمغان سبحانی بھی موجود تھے جنہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سروس متوسط طبقے کے لیے ایک بڑی سہولت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معمولی کرائے کی وجہ سے مزدور طبقہ بھی آرام دہ انداز میں سفر کر سکے گا، جبکہ ٹرین وقت کی بچت کا مؤثر ذریعہ بھی بنے گی۔
سیالکوٹ ایکسپریس 148 کلومیٹر کا فاصلہ ساڑھے چار گھنٹوں میں طے کرے گی۔ یہ ٹرین شاہدرہ، نارنگ منڈی، بدو ملہی، نارووال اور پسرور جیسے اہم اسٹیشنوں سے گزرتی ہوئی سیالکوٹ پہنچے گی۔ ٹرین میں مجموعی طور پر سات بوگیاں ہوں گی جن میں تقریباً 700 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔
ٹرین کی بحالی پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک دیرینہ مطالبے کی تکمیل قرار دیا، جبکہ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ سیالکوٹ اسٹیشن پر ٹرین 15 منٹ رکی اور پھر وزیرآباد کے لیے روانہ ہو گئی۔ اس اقدام کو سیالکوٹ، نارووال اور گردونواح کے شہریوں کے لیے ایک اہم سفری سہولت قرار دیا جا رہا ہے۔