سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) شہر اور مضافاتی علاقوں میں مرطوب ہواؤں کے باعث حبس کی شدت میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، حالانکہ درجہ حرارت نسبتاً کم ہے۔ معروف ہومیوپیتھک معالج ڈاکٹر قیصر ضمیر نے باغی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بڑھتی ہوئی نمی کے باعث محسوس ہونے والا درجہ حرارت 53 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس موسم میں پسینے کی زیادتی کے باعث جسم سے نمکیات کا اخراج بڑھ جاتا ہے، جس سے بالخصوص ضعیف اور مریض افراد کی حالت بگڑ سکتی ہے۔ ڈاکٹر قیصر نے مشورہ دیا کہ سکنجبین، او آر ایس اور دہی کی لسی جیسے مشروبات کا استعمال کیا جائے، کیونکہ ان میں قدرتی نمکیات موجود ہوتے ہیں۔ صرف پانی پینا کافی نہیں کیونکہ اس سے جسم سے نمکیات کی مزید کمی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ ہلکے رنگ، ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں، دھوپ سے بچیں اور جسمانی مشقت سے گریز کریں۔ آخر میں انہوں نے زور دیا کہ اس احتیاطی پیغام کو دوسروں تک بھی پہنچایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ موسمی اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔