سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہد ریاض ) پنجاب فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ،عوام کوجعلی ڈرنکس پلانے کی کوشش ناکام
تفصیل کے مطابق شہر اقبال کے باسیوں کو جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس پلانے کی سازش کو ناکام بنا دیا گیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پسرور میں واقع ایک ڈرنکس سٹور پر کامیاب چھاپہ مارا۔
ایک گودام سے معروف برینڈز کی 538 لیٹر جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس برآمد کی گئیں، جو مضر صحت تھیں۔ ویجیلنس ونگ کی خفیہ اطلاع پر کی گئی اس کارروائی کے دوران موقع پر کیے گئے ٹیسٹ میں برکس کی مقدار کم پائی گئی، جو کہ مضر صحت ہونے کا ثبوت تھا۔ یہ جعلی بوتلیں سپلائی کے لیے تیار تھیں اور ان پر معروف برانڈز کے جعلی لیبل لگے ہوئے تھے، جنہیں عام صارف کے لیے پہچاننا مشکل ہوتا ہے۔
مضر صحت ڈرنکس کو قوانین کے برعکس تیار کیا گیا تھا اور انہیں دکان کے گودام میں چھپا کر رکھا گیا تھا۔ ان بوتلوں کو پسرور کے مختلف دکانوں اور ریسٹورنٹس میں سپلائی کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق کاربونیٹڈ بیوریجز کا استعمال گردوں اور جگر کے عارضے کا سبب بنتا ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ جعلی ڈرنکس کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اس گھناؤنے دھندے کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔








