سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) دفتر ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر سیالکوٹ میں کانسٹیبل محمد اکرم کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ایک پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد ان کی کئی دہائیوں پر محیط محکمانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا اور انہیں بہترین انداز میں رخصت کرنا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر جناب عابد حسین کاہلوں نے محمد اکرم کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے اپنے پورے کیریئر میں انتہائی محنت اور دیانتداری سے اپنے فرائض انجام دیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محمد اکرم جیسے قابل اور فرض شناس افراد کا ادارے سے رخصت ہونا ایک خلا پیدا کرتا ہے، تاہم ان کی خدمات کا ادارہ ہمیشہ معترف رہے گا۔

اس موقع پر جناب صہیب مختار (ڈی ایس پی لیگل سیالکوٹ) نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور محمد اکرم کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی تعریف کی۔ دیگر معززین میں جناب رانا عابد حسین، جناب عمران انور، جناب میاں لقمان (ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر) سمیت دفتر ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر کے دیگر پراسیکیوٹر صاحبان اور ملازمین بھی موجود تھے۔

تقریب کے اختتام پر محمد اکرم کانسٹیبل کو دفتر کی جانب سے خصوصی تحائف پیش کیے گئے۔ شرکاء نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دعا کی کہ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی میں بھی خوشحال اور صحت مند رہیں۔ تقریب ایک جذباتی ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں ساتھیوں نے محمد اکرم کو پرخلوص دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا۔

یہ تقریب نہ صرف ان کی خدمات کا اعتراف تھی بلکہ ایک مثال بھی کہ سرکاری ادارے اپنے محنتی اور دیانتدار ملازمین کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں۔

Shares: